سیلابی صورتحال میں ادویات کی قلت نا قابل قبول ، چیف ڈرگ کنٹرولر

سکردو (پ ر)چیف ڈرگ کنٹرولر گلگت بلتستان و سیکرٹری کوالٹی کنٹرول ڈرگ، ڈاکٹر عبیداللہ گل نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب اور ہنگامی صورتحال کے پیش نظر جان بچانے والی ادویات کی کسی بھی قسم کی قلت یا شارٹیج ہرگز قابل قبول نہیں۔ تمام ملٹی نیشنل اور نیشنل فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے ڈسٹری بیوٹرز اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ضروری اور جان بچانے والی ادویات کا وافر ذخیرہ یقینی بنائیں تاکہ عوام کو بلا تعطل ادویات کی فراہمی جاری رہے۔

یہ ہدایات انہوں نے ڈرگ آفس بلتستان میں بلتستان ریجن میں کام کرنے والی ملٹی نیشنل اور نیشنل فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے ڈسٹری بیوٹرز کے ساتھ منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ڈاکٹر حمایت حسین سمیت متعلقہ حکام اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبیداللہ گل نے کہا کہ گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث کئی علاقوں میں سڑکوں کی بندش اور نقل و حمل میں مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔ ایسے حالات میں ادویات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا نہایت ضروری ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی طبی صورتحال میں مریضوں کو علاج معالجے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے تمام ڈسٹری بیوٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی سپلائی چین کو فعال رکھیں، تمام ڈرگ اسٹورز، ہسپتالوں اور طبی مراکز میں جان بچانے والی ادویات کی مسلسل دستیابی یقینی بنائیں اور کسی بھی ممکنہ قلت سے بچنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کریں۔چیف ڈرگ کنٹرولر نے کہا کہ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی ناقابل قبول ہوگی، لہٰذا تمام متعلقہ ادارے اور ڈسٹری بیوشن کمپنیاں باہمی تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ ڈرگ کنٹرول گلگت بلتستان صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور ادویات کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہونے کی صورت میں فوری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

خبر شیئر کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *