مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے بیلی برج کو مضبوط بنیادوں پر نئے سرے سے نصب کرنے کا فیصلہ کیا
عوام اور ٹرانسپورٹرز پل کی مکمل بحالی تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں،ترجمان جی بی ڈی ایم اے
گلگت (بیورو رپورٹ)گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ جگلوٹ سکردو روڈ پر واقع ساسی پل کی تنصیب کا کام تقریبا مکمل ہو چکا تھا، تاہم دریائے سندھ میں پانی کے تیز بہا کے باعث پل کے حفاظتی پشتوں کو شدید کٹا کا سامنا کرنا پڑا جس سے اس مقام پر گاڑیوں کی آمد و رفت غیر محفوظ ہو گئی ہے۔جی بی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے بیلی برج کو دوبارہ کھول کر مضبوط بنیادوں پر نئے سرے سے نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بحالی اور تنصیب کے اس عمل میں مزید 36 سے 48 گھنٹے لگنے کا امکان ہے ترجمان نے بتایا کہ انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور پل کی مضبوط اور محفوظ بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں بھی آمد و رفت بلا رکاوٹ جاری رہ سکے۔جی بی ڈی ایم اے نے عوام اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ پل کی مکمل بحالی تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ ترجمان کے مطابق پل کی بحالی مکمل ہوتے ہی آمد و رفت کی بحالی سے متعلق عوام کو فوری طور پر آگاہ کر دیا جائے گا۔

Leave a Reply