سکردو (نیوز ڈیسک): مجلسِ وحدتِ مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) گلگت بلتستان کے صوبائی نائب ترجمان وزیر غلام محمد کلیم نے ضلع کھرمنگ میں پیش آنے والے ہولناک اور دلخراش واقعے کو خالصتاً دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کے سانحات کو بعض مفاد پرست عناصر کی جانب سے لسانی، علاقائی اور سیاسی رنگ دینے کی کوششیں انتہائی قابلِ مذمت ہیں۔
ایک پریس بیان میں ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ کسی اور تنازع کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک کھلی دہشت گردانہ کارروائی ہے، لہٰذا اس میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکر سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ انہیں نشانِ عبرت بنایا جا سکے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ایم ڈبلیو ایم ہمیشہ کی طرح مظلوم طبقات کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر مظلوم کی حمایت کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔
وزیر غلام محمد کلیم نے نام نہاد مفاد پرستوں کو خبردار کیا کہ وہ دہشت گردوں کی پشت پناہی اور سرپرستی فوری طور پر ترک کر دیں، کیونکہ یہ قاتل عناصر علاقے کے امن، باہمی بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کے ماتھے پر ایک بدنما داغ ہیں۔
صوبائی نائب ترجمان نے اس سانحے کی آڑ میں علمائے کرام، بالخصوص علامہ شیخ جعفر دانش کی منظم انداز میں کردار کشی کرنے اور سوشل میڈیا پر ان کے خلاف چلائی جانے والی بے بنیاد مہم کی شدید ترین الفاظ میں نفی کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ علمائے کرام کے خلاف اس قسم کے منفی سوشل میڈیا ٹرائلز معاشرے میں انتشار اور افتراق پیدا کرنے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔
بیان کے آخر میں انہوں نے مشکل گھڑی میں مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے پر منتخب رکنِ اسمبلی اقبال حسن، جی ایم پاوری سمیت دیگر علاقائی عمائدین اور علمائے کرام کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پُرزور مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث اصل مجرموں اور قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں کسی کو بھی امنِ عامہ کو تباہ کرنے کی جرات نہ ہو۔

Leave a Reply