گلگت: صوبائی سیکریٹری محکمہ مواصلات و تعمیراتِ عامہ (ورکس) گلگت بلتستان سجاد حیدر نے ضلع استور کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اور ان پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر محکمہ مواصلات و تعمیراتِ عامہ استور انجینئر انعام اللہ، متعلقہ سب ڈویژنل افسران (ایس ڈی اوز) اور منصوبوں کے ٹھیکیدار بھی موجود تھے۔دورے کے دوران سیکریٹری ورکس نے مختلف منصوبوں کی تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے منصوبوں کی رفتار، معیار اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
ایگزیکٹو انجینئر انجینئر انعام اللہ نے گدائی میں زیرِ تعمیر 20 بیڈ ہسپتال کے منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے منصوبے کی اہمیت، موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔بریفنگ کے بعد سیکریٹری ورکس سجاد حیدر نے متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار کو ہدایت جاری کی کہ گدائی ہسپتال کے منصوبے پر عملی کام میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور اسے فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ استور کے عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات جلد از جلد فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور ان کی بروقت تکمیل عوامی فلاح و بہبود کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس موقع پر زور دیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی وسائل سے مکمل ہونے والے منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو یقینی بنانا محکمہ ورکس کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ منصوبوں کی مسلسل نگرانی بھی جاری رکھی جائے تاکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر کی گنجائش نہ رہے۔سیکریٹری ورکس نے واضح کیا کہ حکومت گلگت بلتستان عوام کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور استور سمیت تمام اضلاع میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف عوام کے مسائل میں کمی آئے گی بلکہ علاقے کی مجموعی ترقی اور خوشحالی میں بھی اہم پیش رفت ہوگی۔

Leave a Reply