جامعہ بلتستان کی تعلیمی، تحقیقی اور ادارہ جاتی ترقی کیلئے متعدد سفارشات منظور

اسلام آباد( پ ر ) جامعہ بلتستان، سکردو کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی (ایف اینڈ پی سی) کا اجلاس یونیورسٹی کے کیمپ آفس اسلام آباد میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وزارتِ امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران کے ایڈیشنل سیکریٹری جناب آغا وسیم احمد، حکومت گلگت بلتستان کی ایڈیشنل سیکرٹری فنانس رابعہ اورنگزیب، ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے ڈائریکٹر فنانس سید ثمر سبطین، جامعہ بلتستان کے رجسٹرار ڈاکٹر میر عالم اور محمد عسکری ٹریژر/ سیکریٹری F&PC نے شرکت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر نے معزز اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے جامعہ کی مالی و انتظامی پیش رفت، جاری اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ مؤثر فنانشل پلاننگ، شفاف گورننس اور وسائل کے دانشمندانہ استعمال کے ذریعے جامعہ کو ایک مضبوط، خودمختار اور معیاری اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اجلاس کے دوران کمیٹی کے ایجنڈا میں شامل مختلف امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا جبکہ بجٹ سے متعلق معاملات، ہیومن ریسورس کی ضروریات، مالی نظم و نسق، ادارہ جاتی استعداد کار اور جامعہ کی مستقبل کی ڈیولپمنٹ پلاننگ سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اراکین کی آراء کی روشنی میں متعدد سفارشات مرتب کی گئیں اور متعلقہ امور کو قواعد و ضوابط کے مطابق آئندہ کارروائی کے لیے منظور کیا گیا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ بلتستان کو ایک جدید، معیاری اور ریسرچ پر مبنی جامعہ بنانے کے لیے انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت، حکومت گلگت بلتستان، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی اشتراک سے جامعہ کی تعلیمی، تحقیقی اور ادارہ جاتی ترقی کے سفر کو مزید تیز کیا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جامعہ بلتستان کو ایک جدید، خودمختار اور پائیدار اعلیٰ تعلیمی ادارے کے طور پر ترقی دینے کے لیے مؤثر فنانشل پلاننگ، شفاف گورننس اور وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو مسلسل فروغ دیا جائے گا۔

🔔

Daily Tarjuman Notifications

تازہ ترین خبریں اور اہم اپڈیٹس فوراً حاصل کریں۔