شاہراہ بلتستان کی بحالی کیلئے بیلی پل کو جلد مکمل کیا جائے،وزیراعلیٰ

بیلی پل کی تنصیب کے بعد ٹریفک کی منظم روانی کو یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے پولیس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کی موجودگی کو ہر صورت یقینی بنائیں،امجد حسین

شاہراہِ بلتستان پر سسی حراموش، عنصر کیمپ اور دیگر متاثرہ مقامات کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ،این ایچ اے،ایف ڈبلیو اور جی بی ڈی ایم اے حکام متحرک ہیں،گفتگو


گلگت (خبر نگار )وزیرِ اعلی گلگت بلتستان امجد حسین نے جگلوٹ سکردو روڈ سمیت خطے بھر میں متاثرہ تمام شاہراہوں اور مواصلاتی رابطوں کی فوری بحالی کے سخت اور ہنگامی احکامات جاری کیے ہیں۔ ان احکامات کی روشنی میں شاہراہِ بلتستان پر سسی حراموش، عنصر کیمپ اور دیگر متاثرہ مقامات کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے عنصر کیمپ اور سسی حراموش پل کے مقام پر عارضی لوہے کا پل نصب کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔ امکان ہے کہ آج بیلی پل کی تنصیب کا کام مکمل کر کے شاہراہ کو آمدورفت کے لیے کھول دیا جائے گا وزیرِ اعلی نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ بیلی پل کی تنصیب کے بعد ٹریفک کی منظم روانی کو یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے پولیس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کی موجودگی کو ہر صورت یقینی بنائیں اس مشکل، دشوار گزار اور خطرناک ماحول میں پاک فوج کے جوان، ایف ڈبلیو او (FWO) کے انجینئرز، مزدور، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA)، جی بی ڈی ایم اے (GBDMA) اور تمام متعلقہ اداروں کے اہلکار دن رات انتھک محنت کر رہے ہیں وزیرِ اعلی اور عوام نے پاک فوج، ایف ڈبلیو او، این ایچ اے، جی بی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور شاہراہوں کی بحالی میں مصروف تمام محکموں کے اہلکاروں اور مزدوروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اس کے علاوہ انتظامیہ کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ راستے میں پھنسے ہوئے مسافروں کو خوراک، طبی امداد اور تمام دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

🔔

Daily Tarjuman Notifications

تازہ ترین خبریں اور اہم اپڈیٹس فوراً حاصل کریں۔