گلگت۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں جنرل سیکریٹری سید اعجاز رحمانی ایڈووکیٹ پرویز شاہ، خادم حسین، زاہد اشرف، شیخ عبدالمجیداور زاہد صفی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران مسئلہ جموں و کشمیر، کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی، بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ کشمیری عوام کا پاکستان سے رشتہ نظریاتی، مذہبی اور تاریخی بنیادوں پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 19 جولائی 1947ء کو کشمیری قیادت نے تاریخی قراردادِ الحاقِ پاکستان منظور کرکے دنیا کو واضح پیغام دیا تھا کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے، مگر وہ اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔
گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے دکھ، درد ا ور جد وجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی ان کی ہر سطح پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے اور مسئلہ کشمیر کا واحد منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دینا ہے۔
گورنر گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کا ہر فرد کشمیر کی آزادی تک اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کے جائز حقوق کے حصول اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے پاکستان کا اصولی مؤقف بھرپور انداز میں اجاگر کیا جاتا رہے گا۔
https://www.facebook.com/share/v/1HH5492BHm/
کشمیریوں کا پاکستان سے رشتہ نظریاتی و تاریخی ہے: سید مہدی شاہ

Leave a Reply