سکردو : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں پارٹی سیکرٹریٹ میں ایک پروقار اور شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں قائداعظم محمد علی جناح، علامہ ڈاکٹر محمد اقبال، سرسید احمد خان، تحریک آزادی پاکستان کے تمام رہنماؤں، کارکنوں، شہداء اور قومی ہیروز کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
یوم آزادی پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے پوری قوم اور اہل گلگت بلتستان کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور مملکت خداداد پاکستان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے دفاع، سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے ہر ممکن قربانی دی جاتی رہے گی۔
مقررین نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دیں۔ تحریک آزادی پاکستان کے شہداء اور ہیروز کے ساتھ ساتھ جنگ آزادی گلگت بلتستان کے شہداء اور قومی ہیروز کی قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام اپنے بزرگوں کے اس تاریخی فیصلے پر فخر کرتے ہیں کہ جنگ آزادی کے بعد انہوں نے مملکت خداداد پاکستان کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کیا اور آج بھی پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کو اپنی شناخت اور اپنے مستقبل کی بنیاد سمجھتے ہیں۔
تقریب میں گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران پاکستان کی نمایاں کامیابیوں، عالمی سطح پر ملک کے بڑھتے ہوئے وقار اور دفاع وطن میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر حکومت پاکستان، مسلح افواج اور دفاع سے متعلق تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ معرکہ حق اور بنیان المرصوص کے دوران پاک فضائیہ، بری افواج اور دیگر اداروں کے افسران و جوانوں کی جرأت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں کو قوم کے لیے باعث فخر قرار دیا گیا۔
مقررین نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور مسلح افواج کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیت، وقار اور ذمہ دارانہ کردار کو منوایا ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان پیدا ہونے والے بحران میں پاکستان کے قائدانہ اور ثالثی کردار کو بھی سراہا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان نے اپنی سفارتی بصیرت کے ذریعے خطے کو ایک بڑی جنگ اور دنیا کو ایک ممکنہ عالمی بحران سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش، منفی پروپیگنڈے اور گمراہ کن مہم کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہر کارکن، ہر عہدیدار اور گلگت بلتستان کا ہر محب وطن شہری ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ اس موقع پر لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ تعصبات کو مسترد کرتے ہوئے قومی اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان تیزی سے اپنے اصل مقام اور منزل کی طرف بڑھ رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان عالم اسلام میں مزید مؤثر اور قائدانہ کردار ادا کرے گا۔ عالمی سطح پر پاکستان کو ملنے والے احترام اور وقار کو قوم کی اجتماعی کامیابی قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت، مسلح افواج اور دفاع وطن سے متعلق تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں گلگت بلتستان کے عوام کی پاکستان کے لیے تاریخی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مملکت خداداد پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کے لیے اہل گلگت بلتستان آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ساتھ ہی حکومت پاکستان اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی تاریخی، لازوال قربانیوں اور پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں قومی دھارے میں مزید مؤثر اور باوقار آئینی شمولیت دی جائے۔
تقریب سے صوبائی ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان و سابق چیئرمین قائمہ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل محمد اشرف صدا، صدر پاکستان مسلم مسلم لیگ (ن) ضلع سکردو حاجی شفیق ارشد،صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع شگر طاہر شگری، صدر پی ایم ایل این یوتھ ونگ بلتستان ڈویژن سید بلتستانی، کاچو امتیاز حیدر، حاجی محمد حسین، یعقوب نوری، کاچو محمد حسین خان مقپون ، وزیر مقپون، محمد ایوب گلتری ، اشرف عزادار ، افتخار ملک سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
تقریب کے اختتام پر استحکام پاکستان اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ سابق رکن گلگت بلتستان اسمبلی و رکن گلگت بلتستان کونسل اور ممتاز عالم دین سید عباس رضوی اور مسلم لیگ (ن) گلگت کے سینئر نائب صدر یوسف چوہان کی والدہ محترمہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
بعد ازاں یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور تقریب پاکستان زندہ باد، گلگت بلتستان زندہ باد پاکستان مسلم لیگ (ن) پائندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
ن لیگ کے زیر اہتمام جشن آزادی کی تقریب : قائدین نے قوم کو مبارکباد دی
