دریائے سندھ میں بلتستان یونیورسٹی کے 2 طالب علم لاپتا، سرچ آپریشن جاری

سکردو: شگر میں چھومک پل کے مقام پر بلتستان یونیورسٹی کے دو طالب علم دریائے سندھ میں ڈوب کر لاپتا ہو گئے۔ واقعے کے فوری بعد ریسکیو 1122 نے بڑا سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے، تاہم دریا میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

طالب علموں کی شناخت

ذرائع کے مطابق لاپتا ہونے والے دونوں نوجوان بلتستان یونیورسٹی کے طالب علم ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈوبنے والے ایک طالب علم کا تعلق ‘سکمیدان’ جبکہ دوسرے کا تعلق ‘روندو’ سے ہے۔

ریسکیو آپریشن کی تفصیلات

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 شگر اور ریسکیو 1122 اسکردو کی ٹیمیں تمام دستیاب وسائل کے ساتھ موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق تربیت یافتہ سوئمرز اور ریسکیو بوٹس کے ذریعے دریا کے مختلف حصوں میں تلاش کا عمل اندھیرا ہونے تک جاری رہا۔

تیز بہاؤ کے باعث مشکلات

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ انتہائی تیز اور جغرافیائی حالات نہایت دشوار گزار ہیں، جس کے باعث تلاش کی کارروائیوں میں رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔ تا ہم، حکام کا عزم ہے کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے لاپتا طلبہ کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن مسلسل جاری رکھا جائے گا۔

🔔

Daily Tarjuman Notifications

تازہ ترین خبریں اور اہم اپڈیٹس فوراً حاصل کریں۔